یوکرین نے روس کے دارالحکومت ماسکو پر جنگ کے آغاز کے بعد سب سے بڑا ڈرون حملہ کیا، جس میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور کئی زخمی ہوئے، جبکہ متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
رائٹرز کے مطابق ماسکو کے گورنر آندرے ووروبائیوف نے بتایا کہ صبح 4 بجے کے قریب بڑے پیمانے پر ڈرون حملہ کیا گیا، جس کے باعث ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوئے۔ ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن کے مطابق کم از کم 69 ڈرونز مار گرائے گئے جو کئی مراحل میں شہر کی طرف بڑھ رہے تھے۔
حملے کے بعد ماسکو کے تمام ہوائی اڈوں پر پروازیں روک دی گئیں جبکہ یاروسلاول اور نزنی نووگورود کے ہوائی اڈے بھی بند کر دیے گئے۔ ماسکو کے ضلع رامینسکوئے میں ایک عمارت کے سات اپارٹمنٹس تباہ ہوئے اور لوگوں کو علاقہ خالی کرنا پڑا۔
علاقہ ڈومودیدوو میں ریلوے اسٹیشن پر بھی ڈرون کے ملبے سے نقصان ہوا۔ روسی نیوز چینلز نے ماسکو کے گرد مختلف عمارتوں میں لگی آگ کی ویڈیوز شیئر کی ہیں۔
یہ حملے ایسے وقت پر ہوئے جب امریکا تین سالہ جنگ کے خاتمے پر زور دے رہا ہے اور آج سعودی عرب میں امریکا و یوکرین کے وفود امن مذاکرات کے لیے ملاقات کر رہے ہیں۔
ماسکو کے جنوب مشرقی ریازان اور سرحدی بیلگورود علاقے پر بھی ڈرون حملے رپورٹ ہوئے، جس کے نتیجے میں کئی بستیاں بجلی سے محروم ہو گئیں۔
یاد رہے کہ نومبر میں بھی ماسکو پر بڑے ڈرون حملے ہوئے تھے جن میں 34 ڈرونز تباہ کیے گئے تھے۔ یوکرین کا مؤقف ہے کہ وہ روسی جنگی تیاریوں کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا رہا ہے اور یہ حملے روسی بمباری کا جواب ہیں۔ تاہم دونوں فریق عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی تردید کرتے ہیں، باوجود اس کے کہ ہزاروں عام شہری اس تنازع میں مارے جا چکے ہیں۔