کراچی پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ خواتین کو شریعت اور آئین کے تحت دیے گئے حقوق پر مکمل عمل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن پر دنیا بھر میں خواتین کے حقوق کے لیے آواز بلند کی جاتی ہے، جو ان کا حق ہے، لیکن پاکستان میں یوم خواتین کو اسلام اور شریعت کے منافی انداز میں منانے والی خواتین گمراہ کن اور بیرونی ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی کردار کشی پر مقامی اخبارات کو لیگل نوٹس، 100 ملین ہرجانے کا عندیہ
مرکز اہل سنت کراچی میں رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دین اسلام نے خواتین کو جو حقوق دیے ہیں، وہ دنیا کے کسی اور مذہب نے نہیں دیے۔ عورت کے حقوق کے حوالے سے قرآن پاک میں سورہ نساء اور سورہ نور میں واضح احکامات موجود ہیں۔ خواتین کو اسلام نے جو عزت اور وقار عطا کیا ہے، اس کی دنیا میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عورت مارچ کے نام پر پھیلائی جانے والی خرافات بے راہ روی کو فروغ دینے کے مترادف ہیں اور یہ اسلامی قوانین اور آئین پاکستان سے بغاوت کے مترادف ہے۔ پاکستان کے عوام عالمی یوم خواتین کے خلاف نہیں، لیکن اس کی آڑ میں فحاشی، بے حیائی اور دین اسلام سے بیزاری جیسے رویے کسی صورت قابل قبول نہیں۔
شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ ہم غزہ کی بہادر خواتین کی استقامت اور مزاحمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کی قربانیاں امت مسلمہ کی خواتین کے لیے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ خواتین کو اسلام اور ملکی آئین کے تحت مکمل حقوق دیے جائیں اور کسی بھی اسلام مخالف طرز عمل کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔