سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بنوں حملے میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد بڑھ کر 32 ہو چکی ہے۔ تین افراد مسجد میں شہید ہوئے، جبکہ باقی شہری بارودی دھماکے سے عمارت منہدم ہونے کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔
بنوں کینٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کا افغانستان سے فون پر رابطہ ہے، اور فورسز آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھیں گی۔ گزشتہ روز افطار کے بعد دہشت گردوں نے بنوں کینٹ میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔
فورسز نے مختلف انٹری پوائنٹس پر تعینات اہلکاروں کی مدد سے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ باقی حملہ آوروں کو محصور کر لیا گیا ہے۔ دہشت گردوں نے حملے کے دوران گھبراہٹ میں بارود سے بھری دو گاڑیاں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا دیں، جس کے نتیجے میں قریبی مسجد شہید اور ایک گھر کی چھت منہدم ہو گئی۔
سیکیورٹی فورسز علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔