پاکستان میں آذری ایئرفورس کے پائلٹس کی جے ایف 17 تھنڈر کی تربیت اپنے اختتام کے قریب پہنچ چکی ہے، اور آئندہ چند ماہ میں یہ جدید لڑاکا طیارے آذربائیجان ایئرفورس کا حصہ بننے والے ہیں۔ پاکستان، آذربائیجان کو جدید ترین جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری طیارے فروخت کر رہا ہے، جس کے بعد آذربائیجان اس ماڈل کو استعمال کرنے والا دوسرا ملک بن جائے گا۔
پاک بحریہ کے جہاز یرموک کی IDEX اور NAVDEX 2025 میں شرکت
مجموعی طور پر، آذربائیجان پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر خریدنے والا تیسرا ملک ہے۔ پاکستان میں اپنی تربیت مکمل کرنے والے آذری پائلٹس، جے ایف 17 تھنڈر طیارے اڑا کر آذربائیجان لے جائیں گے، جو دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
پاک فضائیہ پہلے ہی پاکستان سے آذربائیجان تک جے ایف 17 تھنڈرز کی نان اسٹاپ پرواز کا کامیاب تجربہ کر چکی ہے۔ اس مشق کے دوران، پاک فضائیہ کے طیارے کو دورانِ پرواز الیوشن 78 کے ذریعے ایندھن فراہم کیا گیا، جس سے اس کی طویل فاصلے تک پرواز کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا گیا۔
جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری جدید ترین اے ای ایس اے ریڈار اور نظر کی حد سے آگے مار کرنے والے میزائلوں سے لیس 4.5 جنریشن کا کثیرالمقاصد لڑاکا طیارہ ہے، جو مختلف اقسام کے جنگی مشنز کو مکمل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ آذربائیجان ایئرفورس میں اس کی شمولیت ملکی دفاع اور نیشنل سیکیورٹی پیراڈائم کے لیے ایک اہم اضافہ ثابت ہوگی۔