کراچی کے شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہوتے جا رہے ہیں۔ سڑکوں کی خستہ حالی، پانی، بجلی اور گیس کی عدم دستیابی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ پاکستان سنی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری شامی نے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی، بجلی اور گیس کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کراچی میں اطالوی قونصل خانے کے زیر اہتمام اٹالین ڈیزائن ڈے کا انعقاد
ان کا کہنا تھا کہ پانی اور بجلی کی بندش شہریوں کے لیے عذاب بن چکی ہے، جبکہ سندھ کے حکمران عوام کو بنیادی سہولیات سے بھی محروم کر رہے ہیں۔ شہر میں ٹینکر مافیا اور پانی کی غیر قانونی فروخت عام ہو چکی ہے، جبکہ پانی کی لائنوں کی مرمت کے نام پر شہریوں کو بوند بوند کے لیے ترسایا جا رہا ہے۔
بلال سلیم قادری نے کہا کہ کئی علاقوں میں کئی دنوں تک پانی نہیں آتا، اور شہری مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ بجلی کے حوالے سے بھی صورتحال سنگین ہے، جب چاہے کسی بھی علاقے کی بجلی بند کر دی جاتی ہے اور شکایات کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت عملی طور پر غیر فعال ہو چکی ہے، جبکہ مختلف محکمے اپنی من مانی کر رہے ہیں۔ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، لیکن کراچی کے شہری بنیادی ضروریات کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔