کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کا دورہ کرکے پانی کی لائنوں کے مرمتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
قوم پرست جماعت کی ریلی میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج
میئر کراچی نے ہدایت دی کہ مرمتی کام کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور اس عمل کو ہنگامی بنیادوں پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے یہ کام کیا جا رہا ہے، جبکہ لائنوں میں ہونے والے رساؤ کے خاتمے سے لیاری، صدر، اولڈ سٹی ایریا، کلفٹن، چنیسر ٹاؤن، جناح ٹاؤن، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد اور ضلع وسطی سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک سے قبل پانی کے رساؤ کا مکمل خاتمہ کیا جا رہا ہے تاکہ مقدس مہینے میں شہریوں کو بلا تعطل پانی فراہم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس حوالے سے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔