پشاور کے مضافات میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کے بعد شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں تھا۔ زلزلے کے فوراً بعد کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
سندھ ہائیکورٹ نے مصطفیٰ عامر کیس میں جوڈیشل ریمانڈ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا
قبل ازیں آج صبح بلوچستان کے ضلع ژوب اور اس کے گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ ژوب میں زلزلے کی شدت 4 تھی اور اس کی گہرائی 22 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز ژوب سے 13 کلومیٹر مغرب میں تھا۔
واضح رہے کہ تین روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور آزاد کشمیر میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق 4.8 شدت کے اس زلزلے کی گہرائی 17 کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز راولپنڈی کے جنوب مشرق میں 8 کلومیٹر دور تھا۔
سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ زلزلے کے جھٹکے صبح 10 بج کر 48 منٹ پر محسوس کیے گئے تھے۔ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں، پنجاب کے ضلع چکوال اور گردونواح، جبکہ دھیرکوٹ، مری اور ان کے اطراف میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔