ضلع ملیر کے مختلف علاقوں میں خوف کی علامت سمجھے جانے والے چھوٹو گینگ کو شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایس پی ملیر کاشف آفتاب عباسی کے احکامات پر ہونے والی کارروائی میں چھ رکنی ڈکیت گروہ گرفتار ہوا ہے، جن پر 100 سے زائد وارداتوں کا الزام ہے۔
رکشہ ڈرائیور خواتین کو لوٹنے والا، پولیس کا چھاپہ، ساتھی گرفتار
گرفتار ملزمان کی تفصیلات
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ابراہیم، امان اللہ، عبداللہ، اشوک، بلال اور تائینین کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ان کی عمریں 15 سے 17 سال کے درمیان ہیں۔
ڈکیتی اور موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث
یہ گروہ ضلع ملیر کے مختلف علاقوں بشمول شرافی گوٹھ، قائدآباد، اور اسٹیل ٹاؤن میں ڈکیتی اور موٹر سائیکل لفٹنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے چار موٹر سائیکل، تین پستول بمعہ 25 گولیاں، پانچ موبائل فون، اور 10 چھینی گئی موٹر سائیکلوں کے چیجز برآمد کیے ہیں۔
واردات کا طریقہ کار
ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ موٹر سائیکل چھیننے کے بعد ان کے پرزے الگ کر کے فروخت کر دیتے تھے۔ مزید یہ کہ واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ وہ اپنے گاؤں سے لاتے تھے۔
ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی
ایس ایچ او ارشد اعوان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں اور حالات کے مطابق مزید اقدامات کیے جائیں گے۔