(تشکر نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں قومی انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر رواں سال کی پہلی مہم کا آغاز کیا۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت پرعزم ہے اور اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔
کراچی سمیت ملک بھر میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی سستی ہونے کا امکان، 52 ارب روپے کا ریلیف متوقع
شہباز شریف نے کہا کہ یہ مہم نہ صرف پاکستان کے کروڑوں بچوں کو پولیو سے بچائے گی، بلکہ اس میں شامل ٹیمیں پورے ملک کے دیہات، شہروں اور پہاڑوں تک پہنچ کر اس قومی مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال پورے ملک میں تقریباً 77 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے، جو کہ ایک بڑا چیلنج تھا، اور اس سال ابھی تک صرف ایک کیس سامنے آیا ہے، تاہم اس ایک کیس کی موجودگی بھی تشویشناک ہے اور ہمیں پوری قوم کے تعاون سے پولیو کا خاتمہ کرنا ہے۔
وزیراعظم نے افغانستان کے ساتھ تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک میں پولیو کے خاتمے کے لیے باہمی تعاون جاری ہے اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس مرض کو ختم کرنے کی امید کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کا عزم پاکستان کا ہے اور ہم اسے ہر قیمت پر حاصل کریں گے تاکہ مستقبل میں ہمارے بچے اس بیماری سے محفوظ رہیں۔