کراچی: کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (KWSC) میں کرپشن کے خاتمے کے لیے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران و ملازمین نے ایک نئی تنظیم "آفیسرز اینڈ ایمپلائز اینڈ ریٹائرڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن” (کے ڈبلیو اینڈ ایس سی) قائم کر دی ہے۔ اس تنظیم کا مقصد واٹر بورڈ میں جاری کرپشن کو ختم کرنا اور ادارے کی شفافیت کو بحال کرنا ہے۔
خیبرپختونخوا کے عوام کا آرمی چیف اور سیاسی قیادت کے دہشت گردی کے خلاف اتفاق پر خوشی کا اظہار
ایسوسی ایشن کے چیئرمین راشد صدیقی اور جنرل سیکریٹری اخلاق بیگ کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ کو چند عناصر نے یرغمال بنا رکھا ہے، جن کی تعداد تقریباً 14 کے قریب بتائی جاتی ہے۔ ان افراد نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے جس کے نتیجے میں ادارے کی کارکردگی اور عوامی خدمت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
چیئرمین راشد صدیقی نے کہا کہ "یہ تنظیم تمام حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران و ملازمین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے کرپٹ عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات اٹھائے گی۔ ہمارا مقصد صرف کرپشن کا خاتمہ نہیں بلکہ واٹر کارپوریشن کو اس کی اصل افادیت اور عوامی خدمت کے لیے دوبارہ فعال بنانا ہے۔”
جنرل سیکریٹری اخلاق بیگ نے مزید کہا کہ "ہم کسی بھی قسم کے دباؤ یا سازش سے نہیں ڈریں گے، اور کرپشن کے خلاف اپنے مشن کو جاری رکھیں گے تاکہ واٹر بورڈ کو ایک شفاف اور مستحکم ادارہ بنایا جا سکے۔”