پشاور: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سربراہ پیر پگارا سے اہم ملاقات کی، جس میں سینئر سیاستدان محمد علی درانی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشاورت کی گئی۔
بلڈر مافیا نے کھارادر میں قومی ورثہ قرار دی گئی قدیم عمارت مسمار کردی
ملاقات کے دوران پیر پگارا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے لیے نیک تمناﺅں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا، جبکہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے عمران خان کی طرف سے پیر پگارا اور جی ڈی اے کی قیادت کے لیے نیک تمناﺅں کا پیغام دیا۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی حکمت عملی اور مستقبل میں رابطوں کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
پیر پگارا نے اپوزیشن کو قریب لانے میں محمد علی درانی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ وہ اپوزیشن جماعتوں میں باہمی رابطوں کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ بیرسٹر سیف نے بھی محمد علی درانی کی کاوشوں کی تحسین کی اور پارٹی قیادت کی طرف سے ان کی کوششوں کو سراہا۔
یہ ملاقات اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں کو مضبوط کرنے کی سمت میں اہم قدم ثابت ہو سکتی ہے۔