تشکر نیوز کراچی: بلال کالونی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بینک کیش ڈکیتیوں اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث خطرناک گینگ کے سرغنہ حمزہ عرف موسیٰ کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ملزم شہریوں پر فائرنگ کرکے قتل اور زخمی کرنے کے سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا۔
کراچی پولیس چیف سے ڈمپر ٹرک مالکان کے وفد کی ملاقات، ٹریفک حادثات اور دیگر مسائل پر گفتگو
ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ ملزم حمزہ عرف موسیٰ کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے بھی کی گئی۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔
قتل کا سنگین واقعہ:
ملزم نے 2 اگست 2024 کو نیو کراچی الیون ای کے قریب دوران ڈکیتی فائرنگ کرکے مسجد کی بالکونی میں موجود نمازی نزیر احمد کو قتل کیا تھا۔ اس واقعے کا مقدمہ تھانہ نیو کراچی میں درج ہے۔
انکشافات:
ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ اپنے دیگر 3 ساتھیوں راحیل عرف چکی، حمزہ عرف چنٹو، اور عمیر عرف مالک کے ساتھ مل کر بینک کیش لے جانے والے شہریوں کو نشانہ بناتا تھا۔ مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے انہیں قتل یا زخمی کر دیا جاتا تھا۔
جرائم کا طریقہ کار:
ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ ملزم حمزہ عرف موسیٰ بینکوں کے اندر پانچ ہزار کا نوٹ چینج کرانے کے بہانے شہریوں کی ریکی کرتا تھا۔ بڑی رقم نکالنے والے شہریوں کی معلومات اپنی ٹیم کو فراہم کرتا اور راستے میں انہیں لوٹنے کا منصوبہ بناتا۔
مقدمات اور اعتراف جرم:
ملزم نے بلال کالونی، نیو کراچی، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا، ایف بی انڈسٹریل ایریا، اور گبول ٹاؤن کی حدود میں متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا۔ سندھی ہوٹل کے قریب بینک الحبیب سے نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے کے کئی واقعات میں بھی ملوث پایا گیا۔
کارروائی کے نتائج:
ملزم کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کا گرفتار ہونا شہریوں کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے اور اس سے ڈکیتیوں کے کئی مقدمات حل ہونے کی توقع ہے۔