آج اُردو ڈیجیٹلائز ہوگئی، نگران وزیرِمذہبی اُمور انیق احمد

آج اُردو ڈیجیٹلائز ہوگئی، نگران وزیرِمذہبی اُمور انیق احمد

یہ ایپ نیورو کمپیوٹیشنل لیب کا کارنامہ ہے ،ڈاکٹر سروش لودھی

داستان۔۔۔ اُردو ہے میرانام، ایپ کا افتتاح این ای ڈی میں کیا گیا

کراچی(تشکُّر نیوز رپورٹنگ) آج اُردو ڈیجیٹلائز ہوگئی، "داستان… اُردو ہے میرانام” ایپ کا مقصد اُردو زبان کو دورِجدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے، مصنوعی ذہانت پر مبنی آپٹیکل کریٹر ریکگنیشن (او سی آر) پر کام این ای ڈی کا کارنامہ ہے، ان خیالات کا اظہار نگران وفاقی وزیرِ مذہبی اُمور و معروف صحافی انیق احمد نے داستان ایپ کے افتتاح کے موقعے پر کیا۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ ہر فرد شعوری اور لاشعوری طور مادری زبان کے دائرے میں رہتا ہے یہی وجہ ہے کہ خواب مادری زبان آتے ہیں. شیخ الجامعہ این ای ڈی ڈاکٹر سروش لودھی اور انجمن ترقی اُردو پاکستان کے صدر واجد جواد اور خزانچی عابد رضوی نے بھی اس موقعے پر خطاب کیا۔ اس موقعے پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی کا کہنا تھا کہ آپٹیکل کریٹر ریکگنیشن (او سی آر) کی تیکنیک پر کام کے ذریعے امیج فائل کو اُردو ٹیکسٹ میں تبدیل کیا جاسکے گا۔

جس کے ذریعے صدیوں پرانی کتب/رسائل/ جرائد و دیگر کو بھی محفوظ کیا جاسکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں آپٹیکل کریٹر ریکگنیشن(او سی آر) ہماری مادری زبان کی ترقی و ترویج کا ذریعہ ثابت ہوگی۔ انجمن ترقی اُردو پاکستان کے صدر واجد جواد کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت سے مرتب کردہ او سی آر تکنیک کے ذریعےمرتب کردہ اس ایپ سے اُردو کے زبانی پیغام کو دُرست تلفظ اور ہجوں کے ساتھ پی ڈی ایف میں منتقل کیا جاسکے گا۔


ڈین ای سی ای ڈاکٹر سعد احمد قاضی اور ٹیم لیڈ ڈاکٹر ماجدہ کاظمی کے مطابق این ای ڈی، انجمن ترقی اُردو پاکستان اور این سی ایل لیب کے اشتراک سے "داستان۔۔۔ اُردو ہے میرا نام” ایپ بنانے کے لیے دو سال قبل مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے تھے۔

 

 

دو سال کے قلیل عرصے میں اس ایپ کوتیار کرنا دشوار مرحلہ تھا۔ تاہم زبان سے محبت کا حق ادا کرتے ہوۓ یہ ایپ تکمیل کو پہنچی۔ تقریب میں اُردو سے محبت کرنے والے حیدر عباس رضوی، غازی صلاح الدین، میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ رفیقی،پرووائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل، شعبہ اردو جامعہ کراچی کی پروفیسر ڈاکٹر راحت افشاں، ڈاکٹر یاسمین فاروقی سمیت عمائدین شہر، اساتذہ اور طالب علموں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!