تشکر نیوز (کراچی): شہر میں پانی کی قلت کے پیش نظر تھانہ زمان ٹاؤن پولیس اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے چکرا گوٹھ، کورنگی نمبر 1 میں قائم غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹ کو سیل کر دیا۔
آئس کریم کے نام پر فروزن ڈیزرٹ بیچنے والی کمپنیوں پر مسابقتی کمیشن کا بھاری جرمانہ
پولیس اور واٹر بورڈ حکام کے مطابق، کارروائی کے دوران غیر قانونی پانی کے کاروبار میں ملوث ایک ملزم نعمان ولد منیر احمد کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ تین دیگر ملزمان رفیق، عبداللہ کوریجو، اور احمد موقع سے فرار ہو گئے۔
گرفتار ملزم کے خلاف حسب ضابطہ مقدمہ درج کر کے اسے شعبہ تفتیش کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے حکام نے کہا کہ غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس شہر میں پانی کی قلت کا باعث بن رہے ہیں، اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔