کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی پریس کلب میں نئے تعمیر ہونے والے لان کا افتتاح کر دیا۔ اس لان کو میئر کراچی کے والد وہاب صدیقی اور والدہ فوزیہ وہاب کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ اس موقع پر میئر کراچی نے کہا کہ کراچی پریس کلب ہمارا تاریخی ورثہ ہے اور اس کو محفوظ کرنے کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔
سندھ حکومت کی بے روزگاروں کے لیے خوشخبری، گریڈ 1 سے 4 تک بھرتیوں کا عمل شروع
انہوں نے کہا کہ پریس کلب نے جمہوریت کے فروغ اور جمہوری روایات کو آگے بڑھانے میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے اور آج بھی یہ ادارہ مظلوموں کی آواز بن کر کام کر رہا ہے۔ میئر کراچی نے اپنے خاندان کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تعلق بھی صحافی فیملی سے ہے اور ان کے والد نے اسی پریس کلب سے ترقی کی تھی۔
اس موقع پر میئر کراچی نے اپنے بھائیوں علی وہاب صدیقی اور سعد وہاب صدیقی کے ہمراہ لان کی تعمیر کا بیڑا اٹھایا تھا اور ذاتی خرچ سے اس کی تکمیل کی۔ انہوں نے کہا کہ صحافی حضرات اپنے کام کی نوعیت کے باعث کلب میں زیادہ وقت گزارتے ہیں اور ان کے لیے بہترین سہولتیں مہیا کرنا ہمارا فرض ہے۔
صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی نے میئر کراچی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی کے خاندان کا پریس کلب کے ساتھ رشتہ قابل فخر ہے اور بلدیہ عظمیٰ کراچی ہمیشہ کلب کی مدد کرتی رہی ہے۔ سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے بھی میئر کراچی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کلب کے لیے ایک خوبصورت اور دلکش لان فراہم کیا۔
افتتاح کے دوران میئر کراچی نے ڈائریکٹر پارکس ندیم حنیف، منیجر کراچی پریس کلب عقیل احمد اور دیگر افراد کو یادگاری شیلڈز بھی دیں۔