تشکر نیوز کراچی: ضلع کیماڑی کے اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل نے شیرشاہ کیبل مارکیٹ کے قریب رات گئے ایک کامیاب کارروائی کے دوران چار مسلح ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق، مسلح ملزمان کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جبکہ باقی تین کو بغیر کسی مزاحمت کے قابو کر لیا گیا۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق، گرفتار ملزمان کی شناخت لال جان، محمد شان، محمد بلال اور ضیاء الرحمن کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو غیر قانونی پستول، چھ موبائل فونز اور دو مسروقہ موٹرسائیکلیں برآمد کیں۔
ملزمان منشیات کے اڈوں سے چوری کی گئی موٹرسائیکلیں خرید کر حب چیکو باغ کے علاقے میں فروخت کرتے تھے۔ زخمی ملزم لال جان کا تعلق حب، بلوچستان سے ہے اور وہ چوری اور چھینی گئی موٹرسائیکلیں خریدتا تھا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں چوری اور چھینے گئے موٹرسائیکلوں کے مقدمات درج ہیں۔ اس کارروائی کی قیادت اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل کے سب انسپکٹر راجہ خالد نے کی۔ مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان کے خلاف تھانہ پاک کالونی میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔