کراچی (تشکر نیوز): مومن آباد تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن پریشان چوک کے قریب 40 سالہ خاتون عزت پری کے قتل کے مرکزی ملزم مختیار عرف مکو کو پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ملزم مقتولہ کا سگا بیٹا نکلا، جس نے جائیداد کے تنازع پر اپنی ماں کو قتل کیا۔
بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کا 27واں کانووکیشن، 1300 سے زائد طلباء کو ڈگریاں تفویض
ایس ایچ او بلال کالونی کی فوری کارروائی کے نتیجے میں ملزم مختیار کو گرفتار کیا گیا۔ تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنی ماں کو قتل کرنے کا منصوبہ دو سگے ماموؤں، جمیل اور کاکی، اور مامو زاد بھائی بختیار کے ساتھ مل کر بنایا تھا۔
ملزم کا بیان:
مختیار نے انکشاف کیا کہ وہ اپنی والدہ کے رویے اور پولیس کے حوالے کیے جانے کی وجہ سے تنگ آچکا تھا، جس کے باعث اس نے قتل کا منصوبہ بنایا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ سعودی عرب میں مقیم تھا اور والد کے انتقال کے بعد پاکستان آیا، جہاں اسے معلوم ہوا کہ والد کی موت میں مبینہ طور پر اس کی والدہ ملوث تھیں۔
ملزم نے مزید بتایا کہ قتل کی واردات سے پہلے اس نے اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کو چیز لینے کے بہانے گھر سے باہر بھیج دیا تھا۔ مقتولہ عزت پری کی جائیداد میں ڈھائی کروڑ روپے کیش اور بائیس تولہ سونا شامل تھا، جو تنازع کا سبب بنے۔
ایس ایس پی سینٹرل کا بیان:
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق مقتولہ عزت پری نے جائیداد کا مقدمہ عدالت میں جیت لیا تھا، جس کی وجہ سے ملزم اور اس کے شریک جرم رشتہ دار ناراض تھے۔ قتل کے بعد ملزم کو تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے اور دیگر شریک ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔