وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ میں دل کو چھو لینے والے مناظر: ڈاؤن سنڈروم کے 22 بچوں کا استقبال

تشکر نیوز:  وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک دل کو چھو لینے والے اقدام کے تحت کراچی ڈاؤن سنڈروم پروگرام کے 22 بچوں کا وزیراعلیٰ ہاؤس میں استقبال کیا۔ یہ دورہ وزیراعلیٰ کی دعوت پر کیا گیا تھا، جس کا مقصد بچوں کو ایک منفرد اور یادگار تجربہ فراہم کرنا تھا۔

سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کا ادارے کی بہتری کے لیے اصلاحات پر اظہار خیال

یہ بچے کے ایس ڈی پی کے شریک بانی اور سی ای او تابش شہزاد کے ہمراہ آئے، اور وزیراعلیٰ سندھ نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ انھوں نے بچوں کو وزیراعلیٰ ہاؤس کی تاریخی عمارت کا دورہ کرایا اور بتایا کہ یہ عمارت 100 سال سے زیادہ قدیم ہے۔

دورے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے بچوں سے خوشگوار گفتگو کی اور ان سے دریافت کیا کہ کون وزیراعلیٰ بننا چاہتا ہے؟ اکثر بچوں نے اپنے خواب کا اظہار کیا، مگر بے بی دعا نے اعتماد کے ساتھ کہا کہ وہ وزیراعلیٰ بننا چاہتی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہر بچے کو باری باری اپنی کرسی پر بٹھایا اور کہا کہ اگر آپ وزیراعلیٰ بنیں گے تو ہم آپ کے معاونین بن جائیں گے، جس پر تمام بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں پھیل گئیں۔ ایک بچی نے کرسی پر بیٹھتے ہی کہا، "میں وزیراعلیٰ بن گئی” جبکہ ایک اور نے وزیراعلیٰ کی ڈیسک سے اپنے والدین کو فون بھی ملایا۔

بچوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کی گیلری کا بھی دورہ کیا، جہاں سابق وزرائے اعلیٰ کی تصاویر آویزاں ہیں۔ تاہم اس دورے کا سب سے یادگار لمحہ اُس وقت آیا جب بے بی دعا کو "آج کی وزیراعلیٰ” قرار دے کر کانفرنس ہال میں باقاعدہ اجلاس کی صدارت کرائی گئی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور قومی ترانے سے ہوا، اور پھر پرنسپل سیکریٹری آغا واصف نے بے بی دعا کو سندھ کی آبادی، تعلیم اور گورننس کے متعلق بریفنگ دی۔

بے بی دعا نے اجلاس کے دوران اپنی کابینہ کو ہدایت کی کہ "پاکستان کو صاف رکھا جائے”، جس پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے ان کی ہدایات کی حمایت کی اور یقین دلایا کہ "ہم آپ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ہر شہر اور پاکستان کو صاف ستھرا رکھیں گے”۔

ایک اور بچی، اینجلا نے وزیراعلیٰ سندھ سے سوال کیا کہ ملک کیسے ترقی کر سکتا ہے؟ جس پر مراد علی شاہ نے جمہوریت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "ملک جمہوریت سے خوشحال ہوگا”۔

دورے کا اختتام بچوں کے وزیراعلیٰ کی کرسی پر تصاویر بنوانے اور تحائف وصول کرنے سے ہوا۔ جب بچوں نے اجازت چاہی، تو وزیراعلیٰ سندھ نے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ "ان کے خوشی بھرے قہقہے سالوں تک وزیراعلیٰ ہاؤس کے احاطے میں گونجتے رہیں گے”۔

 

 

یہ دورہ خصوصی بچوں کے لیے برابر کے مواقع کے حق میں ایک یاد دہانی تھا، تاکہ وہ بھی بڑے بڑے خواب دیکھ سکیں اور اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے مواقع حاصل کریں۔

60 / 100

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!