تشکر نیوز: پاک بحریہ کے جہاز "معاون” نے کینیا کے شہر ممباسا کا دورہ کیا، جہاں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ میں مختلف ماہر ڈاکٹروں نے مقامی مریضوں کو مفت علاج معالجے کی سہولت فراہم کی۔ قبل ازیں، جب پی این ایس معاون ممباسا کی بندرگاہ پر پہنچا، تو مقامی حکام نے اس کا پرتپاک استقبال کیا۔
سیکیورٹی فورسز کا خیبرپختونخوا میں دو کامیاب آپریشنز، 8 خوارج ہلاک
میڈیکل کیمپ میں سرجنز اور طبی ماہرین نے مریضوں کو مفت مشاورت، علاج اور ادویات فراہم کیں، جسے مقامی لوگوں نے سراہا۔ اس کیمپ سے مستفید ہونے والے افراد نے فراہم کی جانے والی اعلیٰ معیار کی طبی امداد کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھا۔
دورے کے دوران، پی این ایس معاون کے کمانڈنگ آفیسر نے کینیا نیوی کے کمانڈر میجر جنرل پال اوور اوٹینو اور دیگر نیول حکام کے ساتھ ملاقات کی۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔ کمانڈنگ آفیسر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی جانب سے کینیا کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور میزبان بحریہ اور مقامی پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔
یہ دورہ اور میڈیکل کیمپ پاک بحریہ کے جذبہ خیر سگالی کو فروغ دینے اور ضرورت مند کمیونیٹیز کو بنیادی طبی امداد فراہم کرنے کے عزم کا عکاس ہے۔