تشکر نیوز: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ TMC کرکٹ چیمپیئن ٹرافی 2024 کے حوالے سے پریس بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر باغات آفتاب احمد، سپرٹینڈنگ انجینئر بی اینڈ آر اشفاق حسین، انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر، ندیم حیدر اور دیگر ٹاؤن افسران کے ساتھ میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس کی میجر محمد اکرم شہید کو 53ویں برسی پر خراج عقیدت
چیئرمین محمد یوسف نے پریس بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "جب کھیل کے میدان ویران ہوجاتے ہیں تو نوجوان منفی سرگرمیوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ جماعت اسلامی کے نمائندے عوامی خدمت کے جذبے کے تحت بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی ممکن بنا رہے ہیں، اور ہم چاہتے ہیں کہ بلدیاتی ذمہ داریوں کو ادا کرتے ہوئے نیو کراچی ٹاؤن کی یوتھ کے لئے مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیں۔ الحمد اللہ، اس کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "ہم نے اپنے قومی ہیروز کو بھی مدعو کیا ہے کہ وہ اس کرکٹ ٹورنامنٹ میں آئیں اور ہماری یوتھ کی حوصلہ افزائی کریں۔ جو کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھائے گا، اُسے آگے بڑھانے اور پروان چڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ میری عوام سے گزارش ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں شرکت کرکے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں۔”
محمد یوسف نے بتایا کہ "اس کرکٹ ٹورنامنٹ میں نیو کراچی ٹاؤن کی ہر یونین کمیٹی سے ایک کرکٹ ٹیم منتخب کی جائے گی۔ اس ٹورنامنٹ میں 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، اور ہر کھلاڑی کو کرکٹ کٹ فراہم کی جائے گی۔ ٹاؤن مینجمنٹ کمیٹی اس ٹورنامنٹ کے تمام انتظامات کو دیکھے گی۔”
اس موقع پر ٹاؤن وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے کہا کہ "نیو کراچی ٹاؤن میں جو ٹیلنٹ ہے، اسے اجاگر کرنا اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔ جماعت اسلامی کی جانب سے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لئے پورے کراچی میں ‘بنو قابل’ کے ذریعے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ یہ کرکٹ ٹورنامنٹ بھی اسی کا حصہ ہے۔ ہم اپنی یوتھ کو اس قابل بنانا چاہتے ہیں کہ وہ جدید دور کے مطابق دنیا میں بہتر معاشرتی زندگی گزار سکیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "ان اقدامات کا مقصد نوجوانوں میں ایجوکیشنل ایکٹیوٹی کے ساتھ ساتھ فزیکل ایکٹیوٹی کو بھی پرموٹ کرنا ہے تاکہ یہ نوجوان اپنے ملک کا نام روشن کر سکیں۔”