اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداؤد نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے سعودی نائب وزیر داخلہ کا پاکستان میں خیرمقدم کیا اور سعودی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ناظم آباد ٹاؤن سیوریج مسائل کا حل: مختلف مقامات پر شکایات کا خاتمہ، اہم لائنوں کی تبدیلی
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا، اور وزیراعظم نے سعودی عرب کی قیادت کا پاکستان کے ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبے میں مزید تعاون بڑھانے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور 2.8 ارب امریکی ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا۔
غزہ اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے، وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی فلسطین میں اسرائیلی نسل کشی کے خلاف کوششوں کو سراہا اور سعودی قیادت کی جانب سے حالیہ عرب اسلامی سربراہی کانفرنس کے انعقاد کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے دفاعی اور سیکورٹی تعاون میں مزید اضافہ کرنے پر بھی زور دیا، اور سعودی نائب وزیر داخلہ کے دورے کو دونوں ممالک کے حساس شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اہم قرار دیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی اور کہا کہ پاکستانی عوام ان کا پرتپاک استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔