کراچی میں انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز) کے پیش نظر 24 نومبر تک شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جس کے تحت عوامی اجتماعات اور احتجاج پر پابندی ہوگی۔
تشکر نیوز کے مطابق کراچی میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس کے تحت کراچی میں 7 روز کے لیے 5 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی عائد ہوگی جب کہ شہر قائد میں 18 سے 24 نومبر تک احتجاج یا دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 کے موقع پر حفاظتی اقدامات کے تحت مظاہروں اور ریلیوں پر پابندی ہے، وزارت دفاع اور ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیبو) کے زیرانتظام ہونے والے دفاعی نمائش کا آغاز آج سے کراچی کے ایکسپو سینٹر میں ہوگیا ہے جو 22 نومبر تک جاری رہے گا۔
تشکر ڈاٹ کام کو موصول ہونے والا نوٹیفکیشن 18 نومبر کو کراچی ڈویژن کمشنر آفس کی جانب سے جاری کیا گیا، جس میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) جاوید اختر اوڈھو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ عوامی اجتماعات آئیڈیاز 2024 میں شرکت کیلئے آنے والے غیر ملکی مہمانوں کے لیے سیکیورٹی رسک پیدا کرسکتے ہیں۔
لہذا، کمشنر سید حسن نقوی نے کراچی کے تمام اضلاع میں پیر سے 7 دن تک ’کسی بھی قسم کے احتجاج، مظاہرے، دھرنوں، ریلی اور 5 سے زائد لوگوں کے اجتماع پر مکمل پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں‘۔
یہ پابندی کوڈ آف کریمنل پراسیجر کی دفعہ 144 کے تحت نافذ کی گئی ہے جو ضلعی انتظامیہ کو کسی مخصوص وقت کے لیے کسی بھی سرگرمی پر پابندی لگانے کا اختیار دیتی ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق کراچی کے کسی بھی پولیس اسٹیشن کے انچارج کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی صورت میں مقدمات درج کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
دوسری جانب، سندھ حکومت نے شارع فیصل اور کارساز روڈ کے اطراف تمام اسکولز آج سے 4 روز تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ آئیڈیاز نمائش کے دوران ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کے لیےکیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سال 2000 میں پہلی بار انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز) کا آغاز کیا گیا اور تب سے اب تک اس کا انعقاد مستقل بنیادوں پر ہورہا ہے۔