کراچی (ایس ایس پی ملیر کاشف آفتاب عباسی کی رپورٹ) رکشہ گینگ کے سرغنہ رحیم بخش سمیت چار انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں رحیم بخش، صابر، عاشق اور آصف شامل ہیں، جن سے 8 موبائل فونز، دو پستول اور ایک رکشہ برآمد ہوا ہے۔
مستونگ: دہشتگردوں کے ہاتھوں دو بھائیوں کا قتل، ماں اور بہن کی انصاف کی فریاد
ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ ملزم آصف مختلف مقامات سے سواریاں اٹھاتا تھا اور مسافروں کے کیش اور قیمتی سامان کی اطلاع گینگ کے سرغنہ رحیم بخش کو کورڈ ورڈ میں دیتا تھا۔ ملزم رحیم بخش 18 سال جیل میں سزا کاٹ کر آیا ہے اور حال ہی میں جیل سے باہر آتے ہی نیا گینگ تشکیل دیا تھا۔
ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ ملزم رحیم بخش اور اس کے ساتھی نے کورٹ سے فرار ہوتے وقت ایک پولیس اہلکار کو شہید کیا تھا۔ اس کے خلاف 1998 میں 70 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی واردات میں بھی مقدمہ درج تھا۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور ان کے کرمنل ریکارڈ کے لیے تمام ڈسٹرک سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔