تشکر نیوز: قلات کے علاقے جوہان میں دہشتگردوں کا حملہ، سیکیورٹی فورسز کے 7 اہلکار شہید، 15 زخمی
قلات: صوبہ بلوچستان کے شہر قلات کے علاقے جوہان میں شاہ مردان چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 7 اہلکار شہید ہو گئے، جبکہ 15 سے زائد زخمی ہیں۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ شہداء کے جسد خاکی کو کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا اعلامیہ جاری کردیا
لیویز کے مطابق مسلح افراد نے چیک پوسٹ پر حملہ کرتے ہوئے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں شدید جانی نقصان ہوا۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی، اور صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔
وزیرِ اعظم کی مذمت
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے قلات کے علاقے جوہان میں دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کا نہتے شہریوں پر بزدلانہ حملہ ناقابل معافی ہے۔ انہوں نے شہداء کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔ وزیرِ اعظم نے زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے اور حملے میں ملوث دہشتگردوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم جاری کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے والے عناصر صوبے کے دشمن ہیں، مگر ان کے ہتھکنڈے حکومت کے ترقی و خوشحالی کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کی مذمت
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے ایک بار پھر مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن قربانی دی جائے گی اور ملک دشمن عناصر کو پاکستان کی ترقی کے عمل کو سبوتاژ نہیں کرنے دیا جائے گا۔ عبدالعلیم خان نے شہداء کے اہل خانہ سے ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مذمت
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی قلات کے دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید سیکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔