وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آسٹریلیا کے خلاف تاریخی کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
پاکستان نے 22 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز ہرا کر تاریخ رقم کردی
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، پوری ٹیم اس شاندار کارکردگی پر مبارکباد کی مستحق ہے، اُمید ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی مزید کامیابیاں سمیٹے گی۔
شہباز شریف:
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز میں شکست دینے پر مبارکباد یتے ہوئے کہا کہ قوم کے لیے یہ انتہائی خوشی کا موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی باؤلرز اور بلے بازوں نے آسٹریلیا کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ہمیں اپنی کرکٹ ٹیم پر فخر ہے۔
محسن نقوی:
چیئرمین پی سی بی نے قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر کھلاڑیوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، آج کی فتح نے پوری قوم کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دی ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تاریخی جیت پر تمام کھلاڑی اور مینجمنٹ تعریف کے مستحق ہیں، قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، باؤلنگ اور بیٹنگ میں آسٹریلیا کو آؤٹ کلاس کیا۔
مریم نواز:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 22 سال بعد آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شاہینوں نےکینگروز کو انہیں کی سرزمین پر ہرا کر تاریخ رقم کردی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کو 3 میچوں کی سیریز میں 0-1 سے شکست دے کر کینگروز کی سرزمین پر 22 سال بعد ون ڈے سیریز اپنے نام کرلی۔