پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی ون ڈے سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 164 رنز کا ہدف دیا، جسے قومی ٹیم نے با آسانی حاصل کر لیا۔
کوئٹہ: پی ٹی آئی کا ہاکی گراؤنڈ میں آج جلسے کا اعلان، پولیس کی بھاری نفری جلسہ گاہ میں تعینات
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے 137 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ صائم ایوب نے 82 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ عبداللہ شفیق 64 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ کپتان بابر اعظم 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے واحد وکٹ ایڈم زمپا نے حاصل کی۔
اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم 35 اوورز میں 163 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اوپنرز نے تیز کھیلنے کی کوشش کی، لیکن 21 کے مجموعے پر جیک فریزر-میک گرک 13 رنز بنا کر شاہین آفریدی کا شکار ہو گئے۔ میتھیو شارٹ بھی 19 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ جوش انگلس نے 18، مارنس لبوشین نے 6، اسٹیو اسمتھ نے 35، آرون ہارڈی نے 13، گلین میکسویل نے 16، پیٹ کمنز نے 13، ایڈم زمپا نے 18، اور مچل اسٹارک نے صرف ایک رن بنایا۔
پاکستان کے لیے حارث رؤف نے 5 وکٹیں لیں، شاہین شاہ آفریدی نے 3، جبکہ محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں، قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ میچ جیت کر سیریز برابر کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور کھلاڑیوں کو تسلسل کے ساتھ موقع دینا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ وہ میچ جیت کر سیریز میں برتری حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پلئینگ الیون میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، شان ایبٹ کی جگہ جوش ہیزل ووڈ کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کا اسکواڈ:
کپتان محمد رضوان، عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، سلمان آغا، محمد عرفان خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، محمد حسنین
آسٹریلیا کا اسکواڈ:
کپتان پیٹ کمنز، میٹ شارٹ، جیک فریزر-میک گرک، اسٹیون اسمتھ، جوش انگلس، مارنس لبوشین، گلین میکسویل، آرون ہارڈی، مچل اسٹارک, ایڈم زمپا, جوش ہیزل ووڈ