کراچی (تشکر نیوز): سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی عبدالرشید سولنگی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی سعودی عرب کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض الرویلی سے ملاقات
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحٰہ سلیم، اسسٹنٹ کمشنرز، اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کی نیوکراچی، ناظم آباد، لیاقت آباد، اور گلبرگ سب ڈویژنز میں جاری کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ بے ہنگم اور غیر قانونی تعمیرات نے شہر کے انفراسٹرکچر کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، جس کا جڑ سے خاتمہ لازمی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایس بی سی اے مقامی ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے بھرپور عملی مظاہرہ کر رہی ہے، اور گزشتہ چند دنوں میں 100 سے زائد غیر قانونی تعمیرات منہدم کی جا چکی ہیں۔
عبدالرشید سولنگی نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اپنے علاقوں میں نگرانی مزید سخت کریں اور کسی بھی غیر قانونی تعمیر کا فوری نوٹس لے کر کارروائی کریں۔ انہوں نے شہریوں کو بھی آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا کہ وہ قانونی ضوابط کے مطابق تعمیرات کریں اور غیر قانونی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کریں۔ ڈپٹی کمشنر طحٰہ سلیم نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے، اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
اجلاس میں روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کی رپورٹ پیش کرنے اور ان کی باقاعدہ مانیٹرنگ کے احکامات بھی دیے گئے۔