کراچی میں پولیس افسر کی کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص جاں بحق

کراچی: گلشن اقبال راشد منہاس روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ، جاں بحق ہونے والا پولٹری فارم کے انڈوں کا ڈیلر اور 4 بچوں کا باپ تھا۔

حادثے کے ذمے دار کار کے ڈرائیور اور اس کے ساتھی کو شہریوں نے فرار ہونے کی کوشش کے دوران پکڑ کر کار سمیت پولیس کے حوالے کر دیا۔

عینی شاہدین کے مطابق ڈرائیور اور اس کا ساتھی نشے میں دھت لگتے تھے ، کار کا ڈرائیور پولیس افسر ہے جسے پولیس بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔ موقع پر موجود شہریوں نے حادثے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کرنے والے کار کے ڈرائیور اور اس کے ساتھی کو پکڑ لیا اور پولیس کے پہنچنے پر انہیں محافظوں کے حوالے کر دیا گیا جبکہ اس کی کار ٹویوٹا کرولا ABD-007 پولیس نے قبضے میں لے کر یوسف پلازہ تھانے منتقل کی۔

قانونی کے محافظوں کو جیسے معلوم ہوا کہ پکڑے جانے والوں میں ایک ان کا افسر ہے تو اسے نہ صرف عزت دینا شروع کر دی گئی بلکہ میڈیا سے بچانے کے لیے ایس ایچ او یوسف پلازہ شاہد راؤ کے سائیڈ روم میں عزت احترام کے ساتھ چھپا دیا گیا۔

ایس ایچ او نے اپنے طور پر ہر ممکن کوشش کی جاں بحق شخص کے ورثا مقدمہ درج نہ کرائیں۔

ایس ایچ او نے واقعے کے حوالے سے میڈیا کو کچھ بھی بتانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ابھی بات چیت چل رہی ہے دونوں میں مفاہمت ہونے والی جس کے بعد میڈیا کے پاس چلانے کے لیے کچھ نہیں بچے گا۔ حادثے کے ذمے دار کار کے ڈرائیور کا نام بتانے سے بھی انکار کر دیا جبکہ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ حادثے کا ذمے دار کار کا ڈرائیور اور اس کا ساتھی نشے میں تھے۔

جاں بحق کی شناخت 60 سالہ بشیر احمد صدیقی جبکہ زخمی کی شناخت 60 سالہ عبد الکریم کے نام سے کی گئی۔

متوفی کے بھائی نے بتایا کہ بشیر احمد صدیقی گلشن اقبال کے رہائشی اور 4 بچوں کے باپ تھے۔ ان کا ایک بیٹا آسٹریلیا ، ایک سعودیہ میں جبکہ ایک بیٹی امریکہ میں مقیم ہے جبکہ چھوٹی بیٹی پاکستان میں والدین کے ساتھ رہائش پزیر ہے۔

متوفی کے آسٹریلیا میں مقیم بیٹے کی شادی طے تھی جس کی گھر میں تیاریاں چل رہی تھیں۔

متوفی پولٹری فارم کے انڈوں کا ڈیلر تھا اور فیڈرل بی ایریا میں ان کا گودام تھا ، واقعے کے وقت متوفی اپنے دوست کے ہمراہ گودام گئے تھے جہاں سے واپس آرہے تھے کہ تیز رفتار ٹویوٹا کرولا کار نے روند ڈالا ، حادثے میں زخمی ہونے والا عبدالکریم گلبرگ کا رہائشی ہے جس کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!