تشکر نیوز: خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے خلاف بڑے آپریشن میں 8 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ آپریشن کی قیادت کرنے والے میجر عاطف خلیل سمیت 3 جوان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، بنوں کے علاقے بکا خیل میں خفیہ اطلاعات پر کیے گئے اس آپریشن میں دہشتگردوں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک اور 7 زخمی ہوئے۔
میجر عاطف خلیل شہید کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع سندھنوتی سے تھا، اور انہوں نے 31 سال کی عمر میں دفاع وطن کے فرائض انجام دیتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔ وہ اہلیہ اور ایک بیٹی کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ نائیک آزاد اللہ شہید کا تعلق کرک سے تھا اور انہوں نے 15 سال تک فوجی خدمات انجام دیں، جبکہ لانس نائیک غضنفر عباس شہید ضلع لیہ سے تعلق رکھتے تھے اور 14 سال تک وطن کے دفاع کا فرض نبھایا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے سے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہیں اور ان شہادتوں نے ان کے حوصلے کو مزید مضبوط کردیا ہے۔