تشکر نیوز: ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) عبدالرشید سولنگی نے آج ایس بی سی اے کے دفتر کا اچانک دورہ کیا اور افسران و دیگر اسٹاف کی حاضری چیک کی۔ اس موقع پر متعدد افسران اور عملہ غیر حاضر پایا گیا جس پر ڈی جی نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کا پارکوں کا دورہ، تزئین و آرائش کے کام کا جائزہ
عبدالرشید سولنگی نے ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس کو تمام افسران و اہلکاروں کو وقت کی پابندی کا پابند بنانے کی ہدایت کی اور غیر حاضر افسران و اہلکاروں کی غیر حاضری بھی مارک کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے تاخیر سے دفتر آنے والے افسران کو وارننگ نوٹسز جاری کرنے کے احکامات بھی دیے۔
ڈی جی ایس بی سی اے نے دفتری اوقات کی سختی سے پابندی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دفتری اوقات صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ہیں اور ان اوقات کے بعد دفتر میں بیٹھنے پر بھی پابندی عائد کی جائے۔ افسران و اہلکاروں کو خبردار کیا گیا کہ جو ہدایات کی خلاف ورزی کریں گے ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ 29 اکتوبر کو ڈی جی ایس بی سی اے کی جانب سے دفتر کے اوقات کی پابندی کے حوالے سے ایک آفس سرکلر بھی جاری کیا گیا تھا۔