تشکر نیوز: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے ڈائریکٹر باغات آفتاب احمد کے ہمراہ نیو کراچی کے مختلف پارکوں کا دورہ کیا، جس میں پردہ پارک سیکٹر فائیو سی ٹو، بزرگان پارک سیکٹر فائیو سی تھری اور قائد پارک سیکٹر فائیو اے تھری میں جاری تزئین و آرائش کے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر باغات جاوید جمال، انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر، انجینئر ماجد حسن، انجینئر صفدر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
شاہ لطیف پولیس کا جواء سٹہ کھیلنے والے اڈے پر ٹارگیٹڈ چھاپہ
چیئرمین محمد یوسف نے دورے کے دوران افسران کو ہدایت دی کہ تزئین و آرائش کے کام میں استعمال ہونے والے مواد کا خاص خیال رکھا جائے اور پارکوں کی بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کرکے عوام کے حوالے کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے پارکوں کی بحالی کا عمل جاری ہے، اور اب تک 16 پارکوں کو تزئین و آرائش کے بعد عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، جبکہ دیگر پارکوں میں بھی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارکوں میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار جھولوں کی مرمت کی جا رہی ہے، خواتین کے لیے واکنگ ٹریکس اور بزرگوں کے لیے معیاری بنچز لگائی جا رہی ہیں۔ نوجوانوں اور بچوں کے لیے کھیل کے میدانوں کو ہموار کیا جا رہا ہے اور اردگرد کیاریوں میں گھاس اور پھولدار پودے لگائے جا رہے ہیں تاکہ یہ پارک خوبصورت اور خوشنما نظر آئیں۔
چیئرمین نے عوام سے اپیل کی کہ ان سہولیات کی حفاظت کریں اور ان پارکوں کو صحت مند سرگرمیوں کے لیے استعمال کریں تاکہ نیو کراچی ٹاؤن کو ایک سرسبز اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔