راولپنڈی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کی افواج کے درمیان انسداد دہشت گردی پر مبنی مشترکہ مشق اقبال-I کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، مشق کی اختتامی تقریب چراٹ میں منعقد ہوئی جس میں دونوں ممالک کی اسپیشل فورسز نے دو ہفتے تک حصہ لیا۔ یہ مشق 15 اکتوبر 2024 کو شروع ہوئی تھی۔
اختتامی تقریب میں اسپیشل آپریشن اسکول کے کمانڈنٹ بطور مہمان خصوصی موجود تھے، جبکہ جنوبی افریقہ اسپیشل فورسز کے چیف آف اسٹاف کرنل ایس ایس لیچونیوں نے بھی شرکت کی۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ اس دوران دونوں ممالک کی افواج نے پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، مشق کا مقصد انسداد دہشت گردی آپریشنز کے لیے تربیت اور تکنیک کو بہتر بنانا اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان فوجی تعلقات کو مضبوط بنانا تھا۔ مشق اقبال-I میں مشترکہ کارروائیوں کی حکمت عملی پر عملدرآمد ہوا، اور دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے یہ مشقیں اہم ثابت ہوئیں۔