جنوبی لبنان میں اسرائیل کے مزید 4 فوجی ہلاک ہوگئے، زمینی کارروائی کے آغاز کے بعد مجموعی تعداد 36 ہوگئی۔
غیر ملکی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں 4 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 30 ستمبر کو زمینی کارروائیوں کے آغاز کے بعد سے ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی مجموعی تعداد 36 ہو گئی ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا رضوان کو ون ڈے اور ٹی20 کا کپتان بنانے کا اعلان
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فوجی جنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران ہلاک ہوئے۔
دوسری جانب اسرائیل کی غزہ میں جبالیہ میں واقع گھروں اور عمارتوں پر فضائی حملے کیے جس کے نیتجے میں 22 افراد شہید اور 15 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق ہفتے کو رات گئے اسرائیل کے فضائی حملے میں شہید ہونے والوں میں 11 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔
طبی ماہرین نے کہا ہے کہ اسرائیل کے حملے میں غزہ کی پٹی کے 8 تاریخی پناہ گزین کیمپوں میں سے سب سے بڑے جبالیہ میں متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جبالیہ کے علاقے میں 40 سے زائد دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا جب کہ وسطی غزہ میں ایک جھڑپ کے دوران ’دہشت گرد سیل‘ کا خاتمہ بھی کیا۔
دریں اثنا، فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا نے بتایا ہے کہ ہفتے کی رات قریبی قصبے بیت لہیا کے ایک رہائشی ضلع پر اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 40 تک پہنچ گئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں بیت لہیا کے علاقے میں حماس کے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جس میں کئی دہشت گرد مارے گئے۔
غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کے قصبوں جبالیہ، بیت حنون اور بیت لہیا پر 3 ہفتوں تک جاری رہنے والے حملوں کے دوران اب تک 800 کے قریب افراد کو شہید کیا۔
فلسطینی صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جاری فضائی اور زمینی جارحیت نے شمالی غزہ میں صحت کے نظام کو مفلوج کر دیا ہے اور طبی ٹیموں کو بمباری کے مقامات تک پہنچنے سے روک دیا ہے۔
سول ایمرجنسی سروس نے دو روز قبل اعلان کیا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے ان کے متعدد اہلکاروں کو حراست میں لیا گیا اور ان کے واحد فائر ٹرک پر بمباری کے بعد ان کی کارروائیاں روک دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 7 اکتوبر کو حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملہ کرکے 1200 افراد کو ہلاک کیا گیا اور 250 افراد کو یرغمال بناکر غزہ لایا گیا۔
اسرائیل نے جوابی کارروائی میں غزہ میں وہ تباہی پھیلائی جس کے مناظر اس سے پہلے نہیں دیکھے گئے اور اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک 43 ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں۔