تشکرنیوز: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر برائے نجکاری و مواصلات علیم خان نے اہم ملاقات کی جس میں سندھ میں جاری اہم ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وفاقی سیکریٹری مواصلات علی شیر محسود، چیئرمین این ایچ اے شہریار سلطان، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے گھوٹکی-کندھ کوٹ سڑک کے لیے این او سی کے طویل التوا پر تحفظات کا اظہار کیا، جس پر وفاقی وزیر علیم خان نے بتایا کہ این ایچ اے نے این او سی جاری کر دی ہے اور منصوبے پر جلد کام شروع ہوگا۔
مزید برآں، علیم خان نے بتایا کہ ایم نائن انٹرچینج اور ٹھل لنک روڈ کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے ایم سکس سکھر-حیدرآباد موٹر وے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اس کے التوا پر تشویش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے سکھر-حیدرآباد موٹر وے کو وفاق اور سندھ حکومت کے تعاون سے مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔
جامشورو تا سیہون سڑک کو 23 مارچ 2025ء تک مکمل کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا، جبکہ لیاری ایکسپریس وے کو سندھ حکومت کے حوالے کرنے کی تجویز پر بھی غور ہوا۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت سے سندھ میں این ایچ اے سڑکوں کی مرمت کے بجٹ میں اضافے کا مطالبہ کیا، جس پر وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ اس مطالبے پر غور کیا جائے گا۔ ملاقات میں سکھر تا حیدرآباد ہائی وے کی مرمت اور ٹھٹو تا کوٹڑی سڑک کی صوبائی حکومت کو منتقلی پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ماہ دونوں رہنما دوبارہ ملاقات کریں گے تاکہ آج ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جا سکے۔