تشکر نیوز: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اراکین کو 26ویں آئینی ترمیم پر ووٹ دینے کی ہدایت کر دی۔ اجلاس میں آئینی ترامیم کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت سے پارٹی اراکین کو آگاہ کیا گیا۔
سینیٹ میں 26ویں آئینی ترمیم پیش، کوئی مخالفت نہیں، طویل مشاورت کا دعویٰ
تشکر نیوز کے مطابق پارلیمانی پارٹی کا یہ اجلاس بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں بلاول نے پارٹی اراکین کو ترمیمی بل پر ووٹنگ میں حصہ لینے کی واضح ہدایت دی۔
قبل ازیں، بلاول بھٹو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر جسٹس منصور علی شاہ میرٹ پر پورے اترے تو وہ چیف جسٹس بن جائیں گے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی غیر موجودگی کے باوجود آئین سازی کو وقت کی ضرورت قرار دیا اور کہا کہ کوئی یہ دعویٰ نہیں کر سکتا کہ ترمیم میں جلد بازی سے کام لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آج وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 26ویں آئینی ترمیم کے مسودے کی منظوری دی گئی تھی۔ وزیر اعظم نے اتحادی جماعتوں کی حمایت کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ملکی آئینی استحکام کی جانب اہم قدم قرار دیا۔