تشکر نیوز: ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے بلال کالونی کے علاقے میں اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کی بروقت کارروائی شاہراہ عثمان کے قریب 4K چورنگی، سیکٹر فائیو ایچ کے مقام پر کی گئی، جہاں تین ملزمان کو واردات کی نیت سے کھڑے ہوئے پکڑا گیا۔
اے این ایف کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، تعلیمی اداروں کے اطراف میں کارروائیاں جاری
گرفتار ملزمان کی شناخت محمد اسماعیل ولد غلام یاسین بھٹی، عبدالاحد ولد سعود احمد اور عبدالرحیم ولد محمد کریم کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم محمد اسماعیل کے قبضے سے 30 بور کا ایک پسٹل، لوڈ میگزین کے ساتھ بغیر لائسنس برآمد ہوا جبکہ تینوں ملزمان دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 361/24 جرم دفعہ 399/402/34 کے تحت کیس درج کیا گیا ہے جبکہ ملزم محمد اسماعیل کے خلاف غیر قانونی اسلحے کی برآمدگی کا علیحدہ مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔ پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور ملزمان کا کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل، ذیشان شفیق صدیقی کے مطابق، پولیس کی جانب سے مجرمانہ سرگرمیوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہر کو جرائم سے پاک کیا جا سکے۔