چیف آف نیول اسٹاف کا اٹلی کا دورہ: ٹرانس ریجنل سی پاور سمپوزیم میں زیر آب وسائل کے تحفظ پر زور

تشکر نیوز: چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اٹلی کے سرکاری دورے کے دوران ٹرانس ریجنل سی پاور سمپوزیم (TRSS) میں شرکت کی اور "زیرِ آب وسائل کے تحفظ اور پائیدار استعمال” پر خصوصی خطاب کیا۔ نیول چیف نے اس موقع پر مختلف ممالک کی بحری قیادت سے بھی ملاقاتیں کیں۔

یہ سمپوزیم وینس، اٹلی میں منعقد ہوا جس کا مقصد زیرِ آب ماحول کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا اور اس سے جڑے چیلنجز و مواقع پر گفتگو کو فروغ دینا تھا۔ اس سمپوزیم میں بین الاقوامی میری ٹائم کمیونیٹی کے درمیان بحری امور پر نتیجہ خیز مباحثے کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔

اپنے خطاب میں ایڈمرل نوید اشرف نے سمندری وسائل کے پائیدار استعمال کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ زیرِ آب ماحولیاتی نظام کا تحفظ عالمی حیاتیاتی اقسام اور معیشت کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی قوانین، جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حفاظتی حکمت عملی کو ضروری قرار دیا تاکہ انسانی اور ماحولیاتی ضروریات کے درمیان توازن برقرار رکھا جا سکے۔

نیول چیف نے پاکستان نیوی کی کثیرالملکی مشق "امن 2025” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس بحری سلامتی کے مسائل، بشمول زیرِ آب وسائل کے تحفظ پر مشترکہ سوچ اور فکر کو فروغ دینے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گی۔

سمپوزیم کے دوران ایڈمرل نوید اشرف نے برطانیہ، امریکہ، تھائی لینڈ، جاپان اور اٹلی سمیت کئی ممالک کی بحری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے فرسٹ سی لارڈ آف رائل نیوی ایڈمرل سربین کی، امریکی بحریہ کی چیف آف نیول آپریشنز ایڈمرل لیزا فرنچیٹی، اور دیگر اہم شخصیات سے دو طرفہ تعلقات اور بحری تعاون پر گفتگو کی۔

دورے کے دوران، نیول چیف نے اٹلی کے سیکریٹری جنرل ڈیفنس کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی کیا اور اٹلی کی دفاعی قیادت سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ان ملاقاتوں میں بحری سلامتی کے ابھرتے ہوئے چیلنجز اور دوطرفہ تعاون پر بات چیت کی گئی۔

 

 

59 / 100

One thought on “چیف آف نیول اسٹاف کا اٹلی کا دورہ: ٹرانس ریجنل سی پاور سمپوزیم میں زیر آب وسائل کے تحفظ پر زور

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!