نیشنل کانگریس پارٹی کے رہنما اور بولی وُڈ میں اثرورسوخ رکھنے والی شخصیت بابا صدیقی کے قتل کے بعد سلمان خان کو نئی دھمکی موصول ہوئی ہے، جس میں ان سے 5 کروڑ روپے بھتہ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے، دوسری صورت میں انہیں قتل کی دھمکی دے دی گئی۔
برکس ممالک عالمی توانائی مارکیٹ میں کردار ادا کریں، ولادیمیر پیوٹن
بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق سلمان خان کو بشنوئی گینگ گروپ کی جانب سے قتل کی نئی دھمکی دی گئی ہے، جس میں ان سے بھاری بھتے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق بشنوئی گینگ نے ممبئی ٹریفک پولیس کے آفیشل واٹس ایپ نمبر پر سلمان خان کے نام دھمکی کا میسیج بھیجا۔
گینگ نے میسیج میں دھمکی دی کہ اگر سلمان خان کو زندگی پیاری ہے تو وہ 5 کروڑ روپے بھتہ دیں، دوسری صورت میں وہ اپنے قریبی دوست بابا صدیقی سے بھی بری موت کے لیے تیار رہیں۔
گینگ کی جانب سے بھیجے گئے میسیج میں واضح کیا ہے کہ دھمکی کو ہلکا نہ لیا جائے، اگر ان کی ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو سلمان خان کا بھی وہی حشر کیا جائے گا جو بابا صدیقی کا کیا گیا۔
اخبار کے مطابق گینگ کی جانب سے واٹس ایپ میسیج پر دھمکی موصول ہونے کے بعد پولیس اور دیگر تفتیشی اداروں نے تفتیش شروع کردی جبکہ دوسری جانب پہلے ہی سلمان خان کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
بابا صدیقی کو گزشتہ ہفتے 12 اکتوبر کو ممبئی میں بشنوئی گینگ کے کارندوں نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا، بعد ازاں پولیس نے ان پر فائرنگ کرنے والے چند ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا تھا، جنہوں نے انہیں قتل کرنے کا اعتراف بھی کیا تھا۔
بشنوئی گینگ کئی سال سے سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دیتا آرہا ہے، مذکورہ گینگ دیگر متعدد اعلیٰ شخصیات کے قتل اور انہیں دھمکانے میں بھی ملوث ہے۔
بشنوئی گینگ کے سرغنہ لارنس جیل میں قید ہیں، تاہم اس باوجود ان کے گینگ کی جانب سے سلمان خان سمیت دیگر مسلمان بھارتی اداکاروں سمیت سیاست دانوں کو وقتا فوقتا دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں۔