عمران خان کی توشہ خانہ کیس فیصلہ معطل کرنے کی اپیل پر اعتراض عائد

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

اپیل کے ساتھ لف کیے گئے دستاویزات نا مکمل ہیں، سپریم کورٹ آفس نے سابق وزیراعظم کی درخواست واپس کردی

اسلام آباد:  سپریم کورٹ آفس نے سابق وزیراعظم عمران خان کی توشہ خانہ کیس فیصلہ معطل کرنے کی درخواست پر اعتراض عائد کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق توشہ خانہ کیس کا فیصلہ معطل کرنے کے لیے دائر کردہ بانی پی ٹی آئی کی اپیل واپس کر دی گئی، سپریم کورٹ دفتر نے عمران خان کی درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپیل کے ساتھ لف کیے گئے دستاویزات نا مکمل ہیں، تمام متعلقہ دستاویزات کے ہمراہ اپیل 6 جنوری تک دائر کی جا سکتی ہے۔بتایا جارہا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے فیصلہ معطل کرنے کی درخواست ہائی کورٹ سے مسترد ہونے کا حکم چیلنج کیا، توشہ خانہ فوج داری کیس میں سربراہ پی ٹی آئی کی سزا کے خلاف اپیل اسلام آباد ہائیکورٹ سے مسترد ہونے کے بعد سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی، جس میں سپریم کورٹ سے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔

عمران خان کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انتخابات قریب ہیں، ملک کے سابق وزیراعظم اور سب سے بڑی جماعت کے لیڈر کو انتخابات سے باہر نہیں رکھا جا سکتا، سپریم کورٹ سزا پر مبنی فیصلہ معطل کرے تاکہ انتخابات میں حصہ لیا جا سکے۔ خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سربراہ پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ کیس کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی تھی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کے کیس کا فیصلہ جاری کیا، جس میں عمران خان کی توشہ خانہ کیس کا سیشن کورٹ کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست مسترد کی گئی، اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے 9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست خارج کردی، اس کے نتیجے میں سابق وزیراعظم کی نااہلی برقرار رہے گی۔

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!