تشکر نیوز: وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) نے پاکستان کے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی سائبر سیکیورٹی کی ناکامی کا انکشاف کیا ہے، جس کی وجہ سے 14 ارب 66 کروڑ روپے کا ٹیکس فراڈ ہوا۔
ذاکر نائیک اضافی سامان پر چھوٹ نہ دینے پر پی آئی اے انتظامیہ پر شدید برہم
یہ انکشاف ایک ٹیکس دہندہ کی شکایت کے بعد کی جانے والی تحقیقات کے دوران سامنے آیا۔ ایف ٹی او کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سائبر حملے کے نتیجے میں ٹیکس دہندگان کا ڈیٹا غیر محفوظ ہوگیا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سائبر کرمنلز نے جعلی لین دین کیے۔
رپورٹ کے مطابق، فراڈ کرنے والوں نے 81 ارب 43 کروڑ روپے کی جعلی ٹرانزیکشن کیں، جن کی وجہ سے قومی خزانے کو 14 ارب 66 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک شکایت گزار کا ٹیکس ریٹرن صفر دکھانے کے باوجود ایف بی آر نے اسے بلیک لسٹ کردیا، جو کہ ایک بڑی بے ضابطگی ہے۔
ایف ٹی او نے ایف بی آر اور پرال کے اسٹاف پر سخت تنقید کی ہے اور ہدایت کی ہے کہ مجرموں کی فوری شناخت کی جائے۔ وفاقی ٹیکس محتسب نے اس کیس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی ہے تاکہ آئندہ اس طرح کی خلاف ورزیوں سے بچا جا سکے۔