تشکر نیوز: نیو کراچی ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے تحت فلسطینی بچوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے خصوصی شرکت کی۔ ریلی میں نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف، وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر، اساتذہ، طلبا و طالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا کہ اسرائیل کو بالآخر یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ حماس ایک نظریے اور فکر کا نام ہے۔ فلسطینی عوام اپنی آزادی کی جدوجہد میں شہادتیں دے رہے ہیں، اور ان کی قربانیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک وہ آزادی حاصل نہیں کر لیتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کا خون پوری اُمت مسلمہ اور حکمرانوں کو پکار رہا ہے، اور پاکستانی عوام ہر ممکن طریقے سے ان کی حمایت میں کھڑی ہے۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے 57 اسلامی ممالک کے سربراہان فلسطینی عوام کے لئے ایک لفظ بھی نہیں بولتے کیونکہ ان کے مفادات خطرے میں ہیں۔ فلسطینی عوام کی استقامت اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطینی بچے اور خواتین اسرائیلی ظلم و جبر کے باوجود اپنے مقصد پر قائم ہیں۔
ریلی میں شریک طلبا و طالبات نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا، اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔