تشکر نیوز: وزیر بلدیات سندھ اور صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن، سعید غنی نے کہا ہے کہ دنیا میں کسی چھوٹے واقعے پر فوری مذمت کی جاتی ہے، لیکن فلسطین پر جاری اسرائیلی جارحیت پر امریکہ سمیت تمام بڑی طاقتیں خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کوئی بڑا اور اجتماعی فیصلہ نہیں کیا جائے گا، اسرائیل کو روکا نہیں جا سکے گا۔
فلسطین اور غزہ کے مسئلے پر اقوام متحدہ بالکل بے بس بیٹھی ہوئی ہے، نواز شریف
یہ خیالات انہوں نے پیر کے روز پیپلز پارٹی کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے ایک سال مکمل ہونے کے خلاف نکالے گئے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ظاہر کیے۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں مرد و خواتین نے فلسطین کے پرچم تھام کر اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے بازی کی۔
سعید غنی نے کہا کہ آج بھی فلسطین اور غزہ میں اسرائیلی بربریت جاری ہے اور انسانی حقوق کے علمبردار ممالک خاموش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک سال میں 42,000 سے زائد فلسطینی بشمول خواتین اور بچے شہید ہو چکے ہیں، لیکن بڑی طاقتیں اس ظلم پر آنکھیں بند کیے بیٹھی ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ اب مسلم دنیا کو یکجا ہوکر اس ظلم کے خلاف مشترکہ موقف اختیار کرنا ہوگا، ورنہ اسرائیل کی جارحیت رکے گی نہیں۔