تشکر نیوز: تھانہ سکھن پولیس نے ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب تھانہ سکھن پولیس کی گشت پر مامور ٹیم نے سوڈا فیکٹری کے قریب سویرا فلور مل کے پاس موٹر سائیکل پر سوار دو مشتبہ افراد کو روکنے کا اشارہ کیا۔ ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی۔
پولیس نے جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دونوں موٹر سائیکل سوار ملزمان زخمی ہوکر گر گئے۔ تھانہ سکھن پولیس نے دونوں زخمی ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے دو پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی۔
گرفتار زخمی ملزمان کی شناخت رجب علی ولد میر حسن اور معشوق علی ولد امداد علی کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی حالت میں دونوں ملزمان کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بعد ازاں، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کیا جائے گا۔ ایس ایچ او تھانہ سکھن جاوید ابڑو نے بتایا کہ ملزمان کی مزید کرائم ہسٹری جانچنے کے لیے تفتیش جاری ہے۔