غیر قانونی تعمیر شدہ عمارتوں کوکنکشنز کی فراہمی پر مختلف اداروں کو تحریری بیان جمع کرانے کا حکم

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

معافی چاہتا ہوں آئندہ ایسا نہیں ہوگا کسی غیر قانونی عمارت کو کنکشن نہیں دیا جائے گا،سی ای او واٹرکارپوریشن

کراچی ( 22 دسمبر2023ء) سندھ ہائی کورٹ نے غیر قانونی تعمیر شدہ عمارتوں کو بجلی،پانی اور گیس کے کنکشنز دینے کے معاملے پر سوئی گیس،واٹر بورڈ کے سی ای اوز کو تحریری بیان جمع کرانے حکم دے دیا۔سندھ ہائی کورٹ میں غیر قانونی تعمیر شدہ عمارتوں کو بجلی ،پانی اور گیس کے کنکشنز دینے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کہاں ہیں کے الیکٹرک،سوئی گیس اور واٹر بورڈ سی ای اوز وکیل کے الیکٹرک نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ مونس علوی گزشتہ روز عمرہ کی ادائیگی کے لئے چلے گئے ہیں۔سی ای او واٹر بورڈ صلاح الدین احمد نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا معافی چاہتا ہوں آئندہ ایسا نہیں ہوگا کسی غیر قانونی عمارت کو کنکشن نہیں دیا جائے گا۔

وکیل کے الیکٹرک نے کہا مکانات کی تعمیر کے وقت عارضی کنکشن دیا جاتا ہے جو ایک سال تک رہتا ہے ہم کارروائی کرنے جاتے ہیں لیاری جیسے علاقوں میں ٹیم پر حملے ہوتے ہیں ۔

بیرسٹر عابد زبیری وکیل کے الیکٹرک نے کہا اب کسی عمارت کو بلڈنگ پلان کی منظوری کے بغیر کنکشن نہیں دیا جائے گا۔جسٹس ندیم اختر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا عدالتی حکم پر مکمل اور فوری عملدرآمد ہونا چاہئے ۔وکیل ایس بی سی اے نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا آگرہ تاج کالونی میں 9 منزلہ غیر قانونی عمارت تعمیر کرنے والے بلڈر کے خلاف مقدمہ درج ہوگیا ہے اور پولیس ایس بی سی اے افسران کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے گریز کررہی ہے۔

عدالت نے سوئی گیس،واٹر بورڈ کے سی ای اوز کو تحریری بیان جمع کرانے حکم دے دیا۔عدالت نے آئندہ کسی بھی عمارت کو منظور شدہ بلڈنگ پلان کے بغیر کنکشن نہ دینے کا حکم دے دیا۔عدالت نے غیر قانونی نو منزلہ عمارت کو مسمار کرنے کے لئے چھے ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت فروری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!