سندھ کے سابق چیف سیکریٹری و صوبائی اسکاؤٹ کمشنر سید ممتاز علی شاہ نے کہا ہے کہ مجھے فخر ہے کہ سندھ میں اسکاؤٹس کی سرگرمیاں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں

تشکُّر نیوز رپورٹنگ،

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سابق چیف سیکریٹری و صوبائی اسکاؤٹ کمشنر سید ممتاز علی شاہ نے کہا ہے کہ مجھے فخر ہے کہ سندھ میں اسکاؤٹس کی سرگرمیاں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں اور سندھ کے اسکاؤٹس ہر میدان میں دوسروں پر سبقت رکھتے ہیں ۔اسکاؤٹنگ ایک عالمگیر تحریک ہے اور اس تحریک سے وابستہ بچے ، نوجوان اور بزرگ سب متحرک نظر آتے ہیں جو خدمت کے جذبہ سے سرشار ہیں اس تحریک کے ذریعے بچوں اور نوجوانوں میں احساس ذمہ داری ،وطن سے محبت اور دوسروں کی مدد کا جذبہ اجاگر ہوتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتما م گلستان اسکاؤٹس ٹریننگ سینٹر پر منعقدہ پہلی سندھ اسکاؤٹس کلچرل کیمپوری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سینئر نائب صوبائی کمشنر جسٹس (ر)حسن فیروز ، کراچی کیمونٹی پولیسنگ کے چیف مراد سوہنی ، نائب صوبائی کمشنر سید رسول بخش شاہ، کیمپوری سیکریٹری محمد حسین مرزا اور دیگر بھی موجود تھے ۔ صوبائی اسکاؤٹ کمشنر سید ممتاز علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے پہلی سندھ اسکاؤٹس کلچرل کیمپوری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرکے بے حد خوشی ہورہی ہے کہ اس میں سندھ بھر کے 1000سے زائد اسکاؤٹس شرکت کررہے ہیں ۔ اس کیمپوری میں سندھ بھر کے تمام اضلاع کے اسکاؤٹس کو ایک دوسرے کی ثقافت سے آگہی ہوگی اور باہم ملاقاتوں سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا جبکہ اس کیمپوری میں اسکاؤٹس سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سندھ کی ثقافت بھی پیش کی جارہی ہے۔ تقریب سے سینئر نائب صوبائی کمشنر جسٹس(ر) حسن فیروز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلچرل کیمپوری کا انعقاد کرکے سندھ ایک مرتبہ پھر پاکستان کے دیگر صوبوں سے اسکاؤٹنگ میں سبقت لے جا چکا ہے اس سے قبل سندھ نے پاکستان میں پہلی مرتبہ ریسکیو روور موٹ ، گرل اسکاؤٹس کیمپوری ، اسپیشل بچوں کی کیمپوری کا انعقاد کیا ہے جس کا تمام تر سہرا صوبائی اسکاؤٹ کمشنر سید ممتاز علی شاہ، محمد صدیق میمن،صوبائی اسکاؤٹس سیکریٹری سید اختر میر او ر ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔تقریب سے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے صوبائی اسکاؤٹس سیکریٹری سید اختر میر کا کہنا تھا کہ پہلی سندھ اسکاؤٹس کلچرل کیمپوری کی خاصیت یہ ہے کہ کلچرل کے حوالے سے پاکستان میں پہلی مرتبہ اسکاؤٹنگ کا اجتماع منعقد ہوا ہے اور اس کیمپوری کے ذریعے سندھ کی علاقائی ثقافت اور سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔کیمپوری میں ثقافتی پوسٹر سازی ، ملاکھڑا ، رسہ کشی ، ثقافتی کھانے پکانے کا مقابلہ ، کبڈی ، پٹھو گرم، کھوکھو کھیل کے مقابلے ، ثقافتی سجاوٹ کے ساتھ خیمہ لگانا ، علاقائی زبان میں مقابلہ حسن نعت، طنزو مزاح کا مشاعرہ ، خطاطی ،ثقافتی اسٹال اور دیگر سرگرمیاں شامل ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کیمپوری کے شرکاء کوتین سب کیمپوں میں رکھا گیا جومہران ، انڈس اور کولاچی کے نام سے موسوم ہیں یہ نام ماضی میں سندھ کی شناخت ہوا کرتے تھے ۔ تقریب میں اسکاؤٹس نے مہمانان گرامی کو گارڈ آف آنر اور ٹیبلوز پیش کئے جس حاضرین نے بے حد پسند کیا ۔بعد ازاں مہمانوں کو سوینئرز پیش کئے گئےجبکہ مہمان خصوصی نے کیمپوری میں لگی ثقافتی نمائش کا دورہ کیا ۔

جاری کردہ
اطلاعات و نشریات
سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Don`t copy text!