تشکر نیوز: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ گلستان سرمست ہاؤسنگ منصوبے کے سیکٹر 1 تا 5 تک کے الاٹیز کو پلاٹس کی الاٹمنٹ اور قبضہ دینے کے لیے اخبارات میں اشتہارات دیے جا چکے ہیں۔ لیاری میں پانی اور سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
پاکستان رینجرز سندھ نے 1101 ایمرجنسی نمبر کو مزید فعال کر دیا، عوامی مدد کے لیے مانیٹرنگ روم قائم
سعید غنی نے پیر کو سندھ اسمبلی میں مختلف ارکان اسمبلی کی جانب سے پیش کردہ توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں کہا کہ ایچ ڈی اے نے گلستان سرمست کے 33,000 الاٹیز کو 2012 سے الاٹمنٹ نہ ملنے پر اخبارات میں اشتہار شائع کیا ہے، جس میں سیکٹر 1 تا 5 کے الاٹیز کو الاٹمنٹ اور قبضہ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایچ ڈی اے کے مالی وسائل کے مسئلے کو سندھ کابینہ میں زیر بحث لایا گیا ہے اور انہیں گرانٹ دینے کی سفارش کی جائے گی۔
لیاری میں پانی اور سیوریج کے مسائل پر بات کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت ان مسائل کو حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ لیاری کے لیے مختص پانی کی لائن کو زیر زمین سے اوپر لایا جا رہا ہے تاکہ پانی کی چوری کو روکا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ لیاری میں گیس لائن کی تنصیب کے لیے 420 کلومیٹر روڈ کٹنگ کی گئی، جس سے سیوریج لائنوں میں مسائل پیدا ہوئے، لیکن انہیں بھی درست کیا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں، لیاری اور اولڈ سٹی ایریا میں سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے پمپنگ اسٹیشنز پر جنریٹر نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ لوڈشیڈنگ کے دوران سیوریج کی خدمات متاثر نہ ہوں۔ سعید غنی نے اس بات کی وضاحت کی کہ اگر کسی ممبر نے گلیوں میں کشتیاں چلانے کا ذکر کیا ہے تو وہ شاید کاغذ کی کشتیاں ہوں، کیونکہ کراچی میں کوئی ایسا علاقہ نہیں جہاں کشتیاں چلانے کی ضرورت ہو۔