تشکر نیوز: سندھ حکومت نے خصوصی افراد کے لیے ایک نئے اور منفرد منصوبے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت کراچی کے کورنگی روڈ پر 75 ایکڑ پر مشتمل "انکلو سیو سٹی” تعمیر کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ یہ شہر خصوصی افراد کو ایک مثالی اور دوستانہ ماحول فراہم کرے گا، جہاں ان کی ضرورتوں کا خاص خیال رکھا جائے گا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا شیر افضل مروت کی گرفتاری پر پابندی، فریقین کو نوٹسز جاری
منصوبے کے تحت 20 ایکڑ پر محیط ایک خوبصورت اور وسیع پارک بھی بنایا جائے گا، جہاں خصوصی بچے خوشی سے کھیل سکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ فلاحی اداروں کے مراکز کے لیے ایک بڑی عمارت بھی مختص کی جائے گی، جہاں مختلف خدمات فراہم کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی ووکیشنل اینڈ ٹریننگ سینٹر (کے وی ٹی سی) کے تحت قائم کردہ "کیفے خودی” کا افتتاح کیا۔ اس کیفے میں خصوصی نوجوانوں کو ملازمتوں اور انٹرنشپ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جسے وزیر اعلیٰ نے خصوصی افراد کی خودمختاری کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
افتتاحی تقریب میں کے وی ٹی سی کے سی ای او اور سینیٹر عبدالحسیب خان نے وزیر اعلیٰ سندھ کا خیرمقدم کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کیفے خودی میں موجودہ کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات خصوصی افراد کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں خود مختار بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
مراد علی شاہ نے اس موقع پر سی ایم ہاؤس کے لیے "کیفے خودی” سے بیکری اور کیفے آئٹمز منگوانے کی ہدایت بھی کی اور "انکلو سیو سٹی” منصوبے کی کامیابی کے لیے مخیر حضرات اور فلاحی اداروں سے تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سندھ حکومت کی اس منصوبے میں شراکت داری مستقل رہے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کیفے خودی کے قیام کو خصوصی بچوں کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا، جس سے ان کی فلاح و بہبود اور خودمختاری میں نمایاں بہتری آئے گی۔