تشکر نیوز: نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف نے علاقے کو بلدیاتی مسائل سے پاک کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ نارتھ کراچی سیکٹر 11-A اور نیو کراچی سیکٹر 5-F میں پینے کے پانی اور سیوریج لائنوں کی تنصیب کے کام کا معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو بلا تعطل بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کے ہمراہ وائس چیئرمین شعب بن ظہیر، یونین کمیٹی چیئرمین عظیم انور، یوسی چیئرمین راجہ عطاء الرحمن اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت ، فقیدالمثال مناظر
محمد یوسف نے کہا کہ صاف پانی ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے، اور یہ متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ سیکٹر 11-A کی تین گلیاں 13 سے 14 سال سے صاف پانی کی فراہمی سے محروم تھیں، جسے اب حل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود نیو کراچی ٹاؤن میں روزانہ کی بنیاد پر پینے کے پانی اور سیوریج لائنوں کی تبدیلی کا کام جاری ہے۔ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے تعاون سے یہ مسائل تیزی سے حل کیے جا رہے ہیں۔
چیئرمین نے مزید کہا کہ اگر عوامی خدمت کے ادارے ایمانداری سے کام کریں تو مسائل جلد حل ہو سکتے ہیں، اور نیو کراچی ٹاؤن جلد ہی مسائل سے پاک بن جائے گا۔