تشکر نیوز: ملک بھر میں جنگ ستمبر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے فقیدالمثال مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ قوم اپنے شہداء کی لازوال قربانیوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کر رہی ہے، اور مختلف طریقوں سے اپنے جذبات کا اظہار کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں حافظ ارشاد احمد نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دیپالپور، اوکاڑہ سے پیدل سفر کا آغاز کیا، جو جی ایچ کیو راولپنڈی پر اختتام پذیر ہوگا۔
کراچی پریس کلب کی علی امین گنڈاپور کی نازیبا زبان پر شدید مذمت، معافی کا مطالبہ
حافظ ارشاد کا شیخوپورہ کی حدود میں داخل ہونے پر شاندار استقبال کیا گیا، جہاں شہریوں نے ان پر گل پاشی کی اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ مریدکے پہنچنے پر جنگی ترانوں سے فضا گونج اٹھی، اور نوجوانوں نے ان کے ساتھ تصاویر اور سلفیاں بنائیں۔
ارض وطن فاؤنڈیشن کے صدر علی منصور نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک فوج کے شہداء قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں اور ہمیں ان کی قربانیوں پر فخر ہے۔ جنرل سیکریٹری سید عروج نے مزید کہا کہ قوم کے بہادر سپوتوں کی جرات و بہادری کی داستانیں آج بھی زندہ ہیں، اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
روزنامہ تشکر بھی اپنے عظیم جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، اور وطن کے دفاع کے لیے ان کے لازوال حوصلے کو سلام پیش کرتا ہے۔