تشکر نیوز: وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ جب ہم اپنے اداروں پر تنقید کرتے ہیں، تو دراصل ہم دہشتگردوں کو مضبوط کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ یومِ دفاع پاکستان کی مناسبت سے محکمہ اطلاعات کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاک فوج اور دیگر اداروں کے خلاف منفی سوچ ختم کرنا ضروری ہے، کیونکہ ہماری افواج نہ صرف ملک کی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہیں بلکہ ملک کے اندر دہشتگردی کا مقابلہ بھی کر رہی ہیں۔
کراچی: پولیس کی مختلف کارروائیاں، منشیات فروش اور 2 مفرور ملزمان گرفتار
سعید غنی نے مزید کہا کہ ماضی میں پاک فوج کا کردار صرف سرحدوں کی حفاظت تک محدود سمجھا جاتا تھا، لیکن اب وہ اندرونی دہشتگردی سے بھی نبردآزما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد بیرون ملک سے ہمارے وطن میں دہشتگردی کرتے ہیں اور ان کا مقابلہ ہماری فوج، رینجرز اور پولیس کر رہی ہیں۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ فوج کا سیاست میں کردار قابل بحث ہو سکتا ہے، لیکن ادارے پر مجموعی طور پر تنقید کرنا درست نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے جوان سرحدوں پر جانیں نچھاور کر رہے ہیں اور ہمیں ان کی قربانیوں کا احترام کرنا چاہیے۔
سعید غنی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے شہداء کی تکریم اور احترام ضروری ہے تاکہ ہماری فورسز میں قربانی کا جذبہ مزید مضبوط ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ہمارے اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن ایسی کوششیں دراصل دشمنوں کو فائدہ پہنچاتی ہیں۔